اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ ) دفتر خارجہ نے پاکستان کے خلاف گھناؤنی اور قابل مذمت پروپیگنڈا مہم سے اظہار لاتعلقی کی بھارتی وزارت خارجہ کی کوشش کو مسترد کردیا۔ بھارت کی اس پروپیگنڈا مہم کو یورپ کی غیر سرکاری تنظیم اپنی تفصیلی رپورٹ میں دنیا کے سامنے لائی تھی۔چند روز قبل یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں غلط معلومات پھیلانے والے ایسے بھارتی نیٹ ورک کو بے نقاب کیا تھا جو سال 2005 سے ایسے ممالک، جن کے دہلی کے ساتھ اختلافات ہوں بالخصوص پاکستان، کو بدنام کرنے کے لیے کام کر رہا تھا۔گزشتہ برس یورپی یونین کی ڈِس انفو لیب نے 65 ممالک میں بھارتی مفادات کے لیے کام کرنے والے 265 مربوط جعلی مقامی میڈیا آؤٹ لیٹس کا نیٹ ورک بے نقاب کیا تھا جس میں متعدد مشتبہ تھنک ٹینکس اور این جی اوز بھی شامل تھیں۔ 'بھارتی کرونیکل' کے عنوان سے تحقیقات میں ایک اور بھارتی نیٹ ورک بے نقاب ہوا جس کا مقصد بھارت میں پاکستان مخالف (اور چین مخالف) جبکہ بھارت کے حق میں جذبات کو تقویت دینا تھا۔ تاہم انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت نے یورپی تنظیم 'ای یو ڈس انفو لیب' کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کر دیا اور الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق پاکستان پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستوا نے کہا کہ 'بطور زمہ دار جمہوری ملک ہونے کے ناطے بھارت، غلط معلومات پھیلانے کی مہم کا حصہ نہیں لیتا'۔ان کا کہنا تھا کہ 'اگر آپ غلط معلومات کو دیکھنا چاہتے ہیں تو اس کی سب سے بہترین مثال ہے ہمارا پڑوسی ملک ہے جو فرضی ڈوزیئرز پھیلاتا اور مسلسل جعلی خبروں کا پرچار کرتا ہے'۔تاہم پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ 'آزاد اور غیر منافع بخش یورپی تحقیقاتی گروپ کی رپورٹ نے 116 ملکوں میں پھیلے 750 سے زائد جعلی میڈیا اداروں اور 550 سے زیادہ جعلی ویب سائٹس کے جال، مردہ لوگوں کے دوبارہ زندہ ہونے، ای یو اداروں کے نام کے جعلی استعمال کو بے نقاب کیا، بھارتی نیٹ ورک نے یو این انسانی حقوق کونسل سے وابستہ 10 این جی اوز کو 2005 سے پاکستان کے خلاف استعمال کیا'۔انہوں نے کہا کہ 'بھارتی وزارت خارجہ کے تمام بلند و بانگ دعوے کھوکھلے ہیں، حالیہ پیشرفت اور عالمی طور پر بے نقاب ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت کبھی بھی ایک ذمہ دار اور جمہوری ملک نہیں رہا'۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلے ہی ملک میں بھارتی دہشت گردی کی منصوبوں، سہولت کاری اور مالی معاونت کے ناقابل تردید شواہد دے چکا ہے۔ترجمان نے کہا کہ 'ای یو ڈس انفو لیب کی رپورٹ سے بھارت کے پاکستان کے خلاف جنون میں مبتلا ہونے اور داغدار مہم چلانے کے ہمارے موقف کو مزید تقویت ملتی ہے'۔انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی مشینری بالخصوص انسانی حقوق کونسل (ایچ آر سی) پر زور دیا کہ وہ اس سارے معاملے کا فوری نوٹس لے کہ کس طرح ایچ آر سی جیسے باوقار پلیٹ فارم کا رکن ملک کے خلاف کیسے غلط استعمال ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ سوئٹرز لینڈ اور بیلجیئم کے متعلقہ حکام این جی اوز کو فنڈز فراہمی معاملے کی تحقیقات کریں جبکہ یورپی یونین کے حکام بھی پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی مہم پر موثر کارروائی کرے۔
بھارت کی پاکستان کیخلاف جنونی، داغدا مہم سے لاتعلقی مسترد، انسانی حقوق کونسل نوٹس لے: دفتر خارجہ
Dec 13, 2020