ٹانک،لکی مروت،پولیو ٹیم پر پھر حملے،ایک اہلکار شہید،دوسرا زخمی


پشاور (نوائے وقت رپورٹ) صوبہ خیبر پی کے کے ضلع ٹانک میں لگاتار دوسرے دن پولیو ٹیم پر حملہ کیا گیا اور پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیمز کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو شہید کردیا گیا۔ پولیس اور پولیو پروگرام کے حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ایس ایم اے پولیس تھانے کی حدود میں گرہ شدہ کے علاقے میں پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سجاد احمد نے بتایا کہ پولیس اہلکار ڈیرہ اسمٰعیل خان کے قریب کولاچی کے علاقوں میں بنیادی صحت کے مرکز میں پولیو ٹیمز کی سکیورٹی پر تعینات تھا۔ ڈی پی او نے کہا کہ ’اہلکار دکان سے کوئی چیز خریدنے کے لیے مرکز صحت سے باہر نکلا تو ایک مسلح شخص اس پر فائر کر کے پیدل فرار ہوگیا۔ ان کے مطابق مقتول اہلکار کی شناخت نذیر خان کے نام سے ہوئی جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حملے کے فوراً بعد سکیورٹی اہلکار اور محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیمز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ دوسری جانب ضلع لکی مروت میں بھی پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ ہوا۔ پولیو پروگرام کے فوکل پرسن ایمل خان نے بتایا کہ ایک مسلح شخص نے ان کی ٹیم کے ہمراہ موجود پولیس اہلکار پر فائر کیا جس کے نتیجے میں اہلکار پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکار نے فوری طور پر جوابی فائر کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور بھی زخمی ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے زخمی حملہ آور کو گرفتار کر کے علاج کے لیے ڈی ایچ کیو لکی مروت منتقل کردیا۔ ایمل خان نے بتایا کہ واقعے میں پولیو ٹیم کے ارکان محفوظ رہے۔ پولیس کو شبہ ہے واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ خیال رہے کہ یہ 2 روز میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کا تیسرا واقعہ ہے، جن میں 2 اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...