لاہور (نامہ نگار) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مختلف سیاسی جماعتوں کے 180 سے زائد افراد نے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد دی۔ اس موقع پر لاہور میں ان کے ساتھ راجہ پرویز اشرف، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل و دیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کرنے کے لئے نہیں بلکہ عوامی خدمت کے لئے سیاست کرتی ہے، جب میں پنجاب کی ہر تحصیل میں پہنچوں گا تو سیاسی حریفوں کو پتہ لگ جائے گا کہ سیاست تو پاکستان پیپلزپارٹی کرتی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے کہ جو پنجاب کے عوام کو روزگار دے سکتی ہے، ہماری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں، ہمارا مسئلہ عوام کے بنیادی حقوق ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، پنجاب کے اس دل شہر لاہور کو ہم نے جیتنا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے ماضی میں پنجاب کے عوام کو روزگار دیا، رہائشی سکیموں کے ذریعے گھر دئیے۔ ماضی میں جس گھر پر پی پی پی کا پرچم لہرایا، اس پرچم کو دوبارہ اس گھر پر لہرائیں گے، جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا، اس کو اپنے ساتھ ملائیں گے۔ آج بھی روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ اتنے ہی معنی رکھتا ہے کہ جتنا 70 کی دہائی میں اہم تھا۔ پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے 180 سے زائد افراد شامل ہیں جن میں مسلم لیگ ن سے پی پی پی میں شامل ہونے والے تحسین جاوید، طاہر چوہدری گجر، عارف چوہدری گجر، امجد گوری، ساجد حسین قریشی، عمر جٹ، اشرف پہلوان، عمران نیازی، حاجی اشرف علی، اشرف ناگرا ، شوکت علی، ملک سدھیر کھوکھر، محمد جاوید، محمد عبدالمجید، محمد احسان، امجد خان قادری، لالہ طارق، مہدی خان، چوہدری احمد خان، ہارون ظفر، چوہدری عبداللہ بلاول، احسان شاہ، چوہدری شہزاد گجر، عاصم بٹ، سعید حسین ننھا، محمد مرتضی، محمد عثمان، فرید خان، احمد ظہیر میو، غلام سرور، نعمان سرور، جعفر اقبال، ذیشان قادری، مشہد علی قادری، سرفراز علی قادری، عدنان جعفری، علی عطاری، شبنم سیال، ٹونی شاہ، سلمان ارشد، امتیاز قریشی، انوار خان، خرم پرویز، رانا واصف، تنویر قریشی، علاؤالدین بہادری، مسز شہزادی، سید افراز عباس نقوی، حافظ ذیشان، نبیل کاظمی، خلیل کامران، حاجی شکیل ودیگر شامل ہیں۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری سے صدر پاکستان پیپلز پارٹی سٹی گوجرانوالہ میاں ودود حسن ڈار نے بلاول ہاؤس لاہور میں خصوصی ملاقات کی۔ پنجاب بھر میں پیپلز پارٹی کی بحالی کے لیے کام کرنے پر مبارکباد دی اور خصوصاً این اے 133کے ضمنی الیکشن میں یوسی 229 میں بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے لاہور کے صدر اسلم گل نے بلاول ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے این اے133 میں متحرک کردار پر جیالوں اور تنظیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم وقت میں لاہور کے جیالوں نے این اے133 کے ضمنی انتخابات میں بہت اچھی انتخابی مہم چلائی۔ پیپلز پارٹی لاہور شہر کی ایک زندہ حقیقت ہے، ہم ہر محاذ پر سیاسی مخالفین کے خلاف سیاسی جدوجہد کریں گے۔ عوام کی مدد سے پاکستان پیپلز پارٹی اگلے انتخابات میں لاہور سمیت پورے پنجاب میں زبردست نتائج دے گی۔