لاہور(حافظ محمد عمران/سپورٹس رپورٹر) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ابھی چند سال وائیٹ بال کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا خواہش مند ہوں۔ میرا کام پرفارم کرنا ہے، میری ذمہ داری ہے کہ فٹنس کا خیال رکھوں اور جہاں موقع ملے کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ دنیا میں جہاں بھی محدود اوورز کی کرکٹ کھیلنے کا موقع مل رہا ہے اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں۔ میرے پاس قومی ٹیم میں واپسی کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ بہتر کارکردگی ہے۔ یہی میرے بس میں ہے۔ ساری توجہ کھیل پر ہے۔ پاکستان کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ یہ کسی بھی پاکستانی کرکٹرکیلئے سب سے بڑا اعزاز ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ کھیل کے میدانوں سے الگ ہونے سے پہلے دوبارہ قومی کا حصہ بنوں اور آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کیلئے کامیابی حاصل کروں۔ یہ ایک مثالی صورت حال بنے گی اگر ایسا ہوتا ہے تو کیرئیر کا اختتام اچھے انداز میں ہو گا۔ خوش قسمتی سے ٹی ٹونٹی میں کپتانی کا موقع بھی مل رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی کپتانی سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا اس کے بعد ٹی ٹین میں بھی کپتانی سے بھی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ کپتان بننے کے بعد ذمہ داریوں میں اضافہ ہوتا ہے اور ان حالات میں کھیل میں بہتری کا امکان بھی ہوتا ہے۔ میں اب تک اس ذمہ داری سے لطف اندوز ہو رہا ہوں۔ کپتانی کرنے سے کھیل میں بہتری آئی ہے اور کھیل کے کئی نئے پہلوؤں کو سمجھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔