نرسنگ کالج جنرل ہسپتال میں انسٹرکٹرز کے عہدے پر ترقی و تعیناتی پر تقریب 

 لاہور( سٹی رپورٹر)  پرنسپل نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال حمیدہ سرور نے کہا کہ نرسنگ کی پیشہ وارانہ تربیت میں ان کی انسٹرکٹر ز کا بہت کلیدی کردار ہوتا ہے اور وہ نئی آنے والی نرسز کو اپنے طویل تجربہ اور زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے تعلیم و تربیت سے آراستہ کرتی ہیں جو انہیں عملی زندگی میں کامیابی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینئر نرسز کو اساتذہ کا درجہ ملنا کسی اعزاز سے کم نہیں ۔ وہ نرسنگ انسٹرکٹرز کے عہدہ پر ترقی پانے والی نرسزکے اعزا ز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہی تھیں جس میں سابق نرسنگ سپرٹینڈنٹ رقیہ بانو، کالج کی فیکلٹی ممبران، اظہرہ پروین، شہناز ڈار، نسرین نذیر، کوثر پروین،کلیسٹین حمیدہ سرور، زبیدہ بانو، راحت افزا،اظہرہ سلطانہ، صابرہ سعید، رمضانہ بی بی، اظہرہ یعقوب اور نسرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر رقیہ بانو نے کہا کہ شروع سے ہی نرسنگ طالبات کو گجیٹسGadgets کا استعمال سکھانا چاہئے اور ہر طالبہ کیلئے کمیوٹر کی تربیت بھی ان کی تعلیمی سرگرمیوں کا لازمی حصہ بنایا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اب نرسز اپنی محنت، قابلیت اور ٹیلنٹ کی بنیاد پر گریڈ 20میں پہنچ رہی ہیں جو کسی بھی سرکاری ملازم کیلئے بہت عزت کا مقام ہوتا ہے۔اظہرہ پروین اور شہناز ڈار نے نئی انسٹرکٹرز سے کہا کہ وہ اپنی طالبات کو انتہائی پیشہ وارانہ لگن، محنت کے ساتھ زیور تعلیم سے آراستہ کریں ۔ 

ای پیپر دی نیشن