خانیوال (خبر نگار‘ نمائندہ خصوصی) مرکزی امیر تحریک لبیک علامہ سعد رضوی نے کہا ہے کہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ اس بار بھی تحریک لبیک پاکستان کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالا جائے گا۔ ہم انشاء اللہ اپنے حق پر پوری طرح سے پہرہ دیں گے اور اپنے بیلٹ بکس کسی کو چوری نہیں ہونے دیں گے۔ ہم کل بھی اپنے قائد علامہ خادم حسین رضوی کے مشن پر کھڑے تھے اور آج بھی کھڑے ہیں۔ انشاء اللہ پی پی 206 کی سیٹ ہم ون کریں گے کیونکہ ضلع خانیوال تحریک لبیک کا مرکز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضمنی الیکشن حلقہ پی پی 206 کے سلسلہ میں ایک بہت بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ووٹ کی حفاظت کے لیے پوری طرح چوکس اور بیدار رہیں اپنا حق کسی کو چھیننے نہیں دیںگے۔ دوران خطاب انہوں نے کہا کہ صوبائی حلقہ 206 کا الیکشن 16دسمبر کو ہے لیکن ہمارا امیدوار شیخ محمد اکمل جیت گیا ہے۔ تمام تر زور لگانے کے باوجود تحریک لبیک کو ختم اور دبایا نہیں جاسکا۔ سعد رضوی سٹیج پر پہنچے تو لبیک لبیک کے نعروں کی گونج میں منوں پھولوںکی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
اپنے حق پر پہرہ دینگے‘ پی پی 206 کی سیٹ ہم جیتیں گے: سعد رضوی
Dec 13, 2021