خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن، وزراء مداخلت کر رہے، وزیراعظم کو طلب کیا جائے: سعد رفیق

Dec 13, 2021

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت پی ٹی آئی کے وزراء سپیکر وغیرہ الیکشن کمشن کی واضح ہدایات کے باوجود خیبر کے پی میں بلدیاتی انتخابات میں مداخلت کر رہے ہیں۔ خود کو قانون کا علمبردار کہنے والے وزیراعظم خود بڑے قانون شکن بن چکے ہیں۔ الیکشن کمشن کو چاہئے وہ وزیراعظم کو بھی طلب کرے اور ان سے وضاحت طلب کی جائے۔ شیخوپورہ میں  اختر اقبال ڈار کی بیٹی کی شادی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان برپا ہو گا۔ پہلے ہی عوام مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے خودکشیاں کر رہے ہیں۔ حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث پاکستان کی خودمختاری خطرے میں پر چکی ہے۔ اگر مزید آئی ایم ایف کے ایجنڈے کو نافذ کیا گیا تو مہنگائی کی وجہ سے خانہ جنگی بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے مسائل کا واحد حل فوری نئے انتخابات ہیں۔ عمران خان نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔

مزیدخبریں