اسلام آباد/ لندن/ نیو یارک(خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 288 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 674 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 62 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 830 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 89 ہزار 49 ہو چکی ہے ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 9 ہزار 118 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 740 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ویکسی نیشن نظام کے نفاذ کیلئے خصوصی مہم جاری ہے۔ این سی او سی کے مطابق مہم 8 سے 18 دسمبر تک تمام وفاقی اکائیوں کے ذریعے جاری ہے۔ برطانیہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 633 اومی کرون ویرینٹ کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جو ملک میں کرونا وائرس کی مختلف اقسام کا پتہ چلنے کے بعد سے یومیہ کا سب سے بڑا اضافہ ہے جس سے ملک میں پائے جانے والے کل کیسز کی تعداد 1898 ہو گئی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ نے برطانوی وزارت صحت کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ اومی کرون ویرینٹ کے کیسز میں اضافہ تشویشناک ہے۔ خیبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے کرونا الاٹ لیول تین سے بڑھا کر چار کر دیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق اومیکرون ویرینٹ ڈیلٹا سے زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اومیکرون ویرینٹ سے کرونا ویکسین سے ملنے والا تحفظ کم ہو رہا ہ۔ے کرونا الرٹ لیول چار کا مطلب وبا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اومی کرونا ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے، اومی کرون کرونا ویکسین کی افادیت کو کم کر دیتا ہے، اومی کرون ویرینٹ سے ہونے والی علامات کم شدت کی ہیں۔ اومی کرون ویرینٹ دنیا کے 63 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اومی کرون کا زیادہ پھیلاؤ جنوبی افریقہ اور برطانیہ میں رپورٹ ہو رہا ہے۔ اسرائیل نے برطانیہ ‘ ڈنمارک اور بلیجیئم پر سفری پابندیاں عائد کر دیں۔ اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ اومی کرون ویرینٹ کا پھیلاؤ روکنے کیلئے سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔