اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین سے رابطہ کیا اور عظیم قربانی اور قوم کیلئے خدمات پر شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 6 دسمبر کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے میجر راجہ ذیشان جہانزیب اور میجر محمد عرفان برچا کے لواحقین سے اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 27 نومبر کو شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے اہل خانہ سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا‘ درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ صدر مملکت نے لانس نائیک عارف اور نائیک رحمن کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے 8 نومبر کو شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے سپاہی غفور جان کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی۔ صدر مملکت نے عظیم قربانی اور قوم کیلئے خدمات پر شہداکو خراج تحسین پیش کیا اوراہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔