منی لانڈرنگ کے چراغ نے شریف خاندان کو ’’جلا‘‘ بخشی: حسان خاور 

Dec 13, 2021


لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں شریف خاندان اور ان کے حواری منی لانڈرنگ، کک بیکس اور خرید و فروخت کی سیاست کا سب سے بڑا مافیا ہے اور اس مافیا کے سرغنہ نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔ دونوں بھائیوں نے ملکر منی لانڈرنگ کے ایسے چراغ جلائے جس نے پورے شریف خاندان کو ''جلا بخشی''۔ بلاامتیاز احتساب سے شریف خاندان اور ان کے ترجمانوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ شریف برادران نے پاکستانی سیاست کو کرپشن سے آلودہ کیا۔ چند برسوں میں شریف خاندان ارب پتی بنا اور ان کی کرپشن کی داستانیں ان کے اقتدار سے جڑی ہوئی ہیں۔ مریم اورنگ زیب شریف خاندان کے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی بجائے منی لانڈرنگ کا حساب دیں  اور  یاد رکھیں کہ احتساب ہو کر رہے گا۔ رونا دھونا شریف خاندان اور ان کے ترجمانوں کا وطیرہ ہے۔ کرپٹ مافیا کے دن گنے جا چکے ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا کوئی کردار نہیں۔اے پی پی کے مطابق ایک بیان میں حسان خاور نے ن لیگ کی جانب سے شہباز دور کا بزدار حکومت کی پرفارمنس سے موازنہ مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف نے عوامی ریلیف کے نام پر قومی خزانہ خالی کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ شریف خاندان اور موجودہ حکومت میں بنیادی فرق ہی ترجیحات اور گورننس کا ہے۔

مزیدخبریں