قومی اسمبلی میں نجمہ حمید، دیگر شہدا کیلئے دعا ئے مغفرت

Dec 13, 2022

رانا فرحان اسلم


ایوان بالا کا ہنگامہ خیز اجلاس، اپوزیشن کی شدید نعرے بازی، چیئرمین ڈائس کا گھراؤ، اعظم سواتی کو رہا کرو کی نعرے بازی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے چمن بارڈر پر فائرنگ واقعہ کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لیا۔ نور عالم خان ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر حکومت پر برس پڑے۔ نور عالم خان نے کہا کہ حکومت کا ہنی مون پیریڈ ختم ہوچکا ہے۔ گذشتہ روز قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس منعقد ہوئے۔ سینٹ اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء اور انکی رہائی کے حوالے سے خوب ہنگامہ آرائی کی۔ چیئرمین سینٹ انہیں روکتے رہے لیکن پی ٹی آئی سینیٹرز نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑا دیں اور شوار شرابہ کرتے رہے۔ بعدازاں چیئرمین سینٹ نے اجلاس جمعرات کی شام تین بجے تک ملتوی کردیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ چمن واقعے میں افغانستان نے تسلیم کرلیا کہ غلطی ان کی تھی، معافی بھی مانگ لی، معاملہ طے پاگیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا‘ اجلاس میں سابق سینیٹر نجمہ حمید اور دیگر شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی گئی، جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے دعا کرائی۔ 

مزیدخبریں