لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور افضال احمد کوثرنے کہا ہے کہ پولیس افسران اپنی توجہ کرائم فائٹنگ پر مرکوزرکھیں۔ قبضہ مافیا، بدمعاش،ہوائی فائرنگ، نیشنل ایکشن پلان،پتنگ بازی کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائیں۔ غیر قانونی حراست کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔نائٹ پٹرولنگ مزید موثربنائی جائے جبکہ جنرل ہولڈ اَپ کے دوران ہر تھانہ دو ناکے لگانے کا پابند ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں انسدادِ جرائم اجلاس کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ایس ایس پی آپریشنزمحمد صہیب اشرف، ایس پی سکیورٹی دوست محمد،ایس پی ڈولفن سکواڈ توقیر نعیم، ڈویڑنل ایس پیز،سرکل افسران اورایس ایچ اوزاجلاس میں موجودتھے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف غیر موثر کارروائیوں پر اظہار ِ ناراضی کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ افضال احمد کوثر نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر شہریوں کی دادرسی یقینی بنائی جائے۔ ڈویڑنل ایس پیز اورایس ڈی پی اوزروزانہ کی بنیاد پر تھانوں کا سرپرائز وزٹ کریں اورتھانوں کی مانیٹرنگ وکارکردگی کا جائزہ لیں۔تھانوں میں بائیومیٹرک حاضری یقینی بنائی جائے۔
پولیس افسر توجہ کرائم فائٹنگ پر مرکوزرکھیں، ڈی آئی جی آپریشنز
Dec 13, 2022