اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا کہ حکومت شہری اور دیہی علاقوں کے مابین ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لیئے پر عزم ہے، وزارت آئی ٹی بہتر ڈیجیٹل مستقبل کے لیئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، دوردراز علاقوں میں ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لیئے مختلف پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق 'پاکستان-آئی ٹی یو ڈیجیٹل انکلیوژن ویک' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا انعقاد وزارت آئی ٹی اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین(آئی ٹی یو) کے تعاون سے یہاں سوموار کو ہوا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا حکومت پاکستان انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی پاکستان کے لیئے خواتین کو بااختیار بنانے، بچوں کی آن لائن پروٹیکشن اور آئی سی ٹی تک رسائی کے حوالے سے سپورٹ پر شکرگزار ہے، خواتین کو بااختیار بنانا حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، نوجوانوں اور بچوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانے کے لیئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا مصنوعی ذہانت، بگ ڈیٹا، کلاڈ کمپیوٹنگ، موبائل روبوٹکس وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں، آئی سی ٹی تربیتی پروگرامز کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیئے کوشاں ہیں، وزارت آئی ٹی کا 'آئی سی ٹی فار گرلز پراجیکٹ' خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم اقدام ہے، ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کے لیئے موثر اقدامات کر رہے ہیں، شہری اور دیہی علاقوں کے مابین ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمہ کے لیئے پر عزم ہیں، پسماندہ اور دوردراز علاقوں میں کینکٹوٹی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، وزارت آئی ٹی کے تحت معذور افراد کی آئی ٹی تک رسائی کو آسان بنانے کے لیئے نیشنل آئی سی ٹی کونسل کا قیام برائے معذور افراد بڑا حوصلہ افزا اقدام ہے، معذور افراد کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہونے چاہیے، آئی ٹی کے استعمال سے معذور افراد کی زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے، آئی ٹی یو ممبر ممالک کے مابین ڈیجیٹل منتقلی کے حوالے سے تعاون اہم ہے، وزارت آئی ٹی بہتر ڈیجیٹل مستقبل کے لیئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج ) محسن مشتاق، چئیرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامرعظیم باجوہ، چیئرمین پاشا زوہیب خان، سفرا، وزارت آئی ٹی کے ذیلی اداروں کے سربراہان اور ٹیک و ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔