الیکشن رولز تبدیل‘ پولنگ ایجنٹس کا حلقے سے ہونا‘ کاغذات کیساتھ نیا حلف نامہ جمع کرانا لازم قرار

Dec 13, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) عام انتخابات سے قبل الیکشن رولز میں بڑی تبدیلی کر دی گئی۔ انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کا حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دے دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ ایجنٹ صرف متعلقہ حلقہ کا ووٹر ہی ہوسکتا ہے، کسی بھی امیدوار کے پولنگ ایجنٹ کا تعلق دوسرے حلقے سے نہیں ہو سکتا۔ الیکشن کمشن نے امیدواروں کیلئے کاغذات نامزدگی کے ساتھ نیا حلف نامہ لازمی قرار دے دیا۔ نئے حلف نامہ کے مطابق زیر کفالت افراد کے مکمل کوائف دینا ہوں گے اور ساتھ ہی زیر کفالت افراد کے نام اثاثوں کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، بطور رکن اسمبلی ماضی میں کیا کارکردگی دکھائی، بیان حلفی میں تفصیلات مانگ لی گئیں۔ بیان حلفی میں دوہری شہریت کا حامل نہ ہونے کی شق بھی شامل کی گئی ہے۔ سیاسی جماعت کو کتنا فنڈ دیا اور کتنا لیا تمام تفصیلات بتانا ہوں گی، الیکشن کمیشن کا نیا حلف نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

مزیدخبریں