اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن اور تحفظ کا بل منظور کر لیا گیا۔سینیٹ کا اجلاس تقریباً 7 ہفتوں کے وقفے کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی سینیٹرز کی جانب سے شور شرابہ اور نعرے بازی شروع کی گئی، تاہم اس کے باوجود بل پیش کرنے کی تحریک منظور کی گئی۔پی ٹی آئی سینیٹرز نے ’اعظم سواتی کو رہا کرو‘ کے نعرے لگائے اور نشستوں پر کھڑے ہو کر احتجاج کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایوان کا ماحوال خراب نہ کریں، اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیں گے۔اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کے ڈیسک کا گھراؤ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف سینیٹرز کا احتجاج جاری رہا۔سینٹ سارجنٹس کو طلب کر لیا گیا۔ سینٹ اجلاس میں مختلف واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور نجمہ حمید کے انتقال پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی جبکہ ن لیگ کی سابقہ سینیٹر نجمہ حمید کی وفات پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے نومنتخب سینیٹر وقار مہدی نے حلف اٹھا لیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سید وقار مہدی سے حلف لیا‘ اس دوران ایوان بالا میں پی پی ورکرز کی جانب سے نعرہ بازی کو چیئرمین سینٹ نے روک دیا۔