پہلے پنجاب،پھر خیبر پی کے اسمبلی توڑیں گے،معاشی حالات اتنے خراب کبھی نہیں تھے:عمران


لاہور (نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت راولپنڈی کے ارکان اسمبلی کے مشاورتی اجلاس میں پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں خیبر پی کے اسمبلی توڑی جائے گی۔ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی ایوان میں دوبارہ پیش ہو کر استعفے دیں گے۔ احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ عمران خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کی غیر م¶ثر پالیسیوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ معاشی و سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ جلد شفاف انتخابات ہیں۔ ضلع راولپنڈی کے پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کی سیاسی حکمت عملی اور آئندہ کے اہداف پر تفصیلی تبادل خیال کیا گیا۔ ضلع راولپنڈی کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے ایوانوں سے باہر نکلنے اور اسمبلیوں کی تحلیل کے اعلان کی بھرپور تائید کا اعلان کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو انتخابات کی تیاریوں کے آغاز کی ہدایت جاری کی گئی۔ اجلاس میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے تمام ارکان نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے دوبارہ استعفوں کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ معاشی ٹیم کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج صرف قوم نہیں اداروں سے بھی مخاطب ہوں۔ پوری قوم کو معلوم ہونا چاہئے ہم کس طرف جا رہے ہیں‘ مجھے حیرت ہے تاجر برادری کیوں آواز نہیں اٹھا رہی۔ تاجر اور صنعتکار کیوں خاموش ہیں؟۔ ملکی معیشت تیزی سے نیچے جا رہی ہے‘ سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم ہو چکا ہے‘ صورتحال کے منفی اثرات تمام اداروں پر پڑیں گے۔ اگر حالات نہ سنبھالے تو مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ شوکت ترین‘ حماد اظہر‘ ہمایوں اختر‘ مزمل‘ عمر ایوب سمیت ماہرین کو بلایا ہے‘ افسوس میڈیا عوام کو معاشی حالات سے آگاہ نہیں کر رہا۔ ہمارے دور میں کسان سب سے زیادہ خوشحال تھا‘ پہلی دفعہ کسانوں نے ریکارڈ منافع کمایا۔ ہمارے دور میں انڈسٹریز ترقی کر رہی تھی‘ لارج سکیل مینوفیکچررز کی 10 اعشاریہ 7 فیصد گروتھ تھی۔ تمام طبقات کو کہہ رہا ہوں اپنی آواز کو بلند کریں۔ سب کو سوچنا چاہئے پاکستان آج کہاں کھڑا ہے‘ عدلیہ کا بھی اہم کردار ہے‘ انہیں بھی اپنے ملک کی صورتحال پر توجہ دینی چاہئے۔
عمران

ای پیپر دی نیشن