کراچی‘ بچے کی ہلاکت کے مقدمے میںخاتون سمیت تین ملزمان کی ضمانت منظور 

کراچی ( نیوز رپورٹر )سندھ ہائی کورٹ نے گھر میں کام کرنے والے نو عمر بچے کی ہلاکت کے مقدمے میںخاتون ملزمہ سمیت تین ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔سندھ ہائیکورٹ میں  بہادر آباد کے علاقے میں گھر میں کام کرنے والے نو عمر بچے کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ مقتول بچے کے والدین کی جانب سے لیاقت گبول ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ لیاقت گبول ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ ملزمان کو ضمانت پر رہا کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ سابق تفتیشی افسر نے مقتول کی بہن کنزہ کو 3دن حبس بے جا میں رکھا تھا۔ عدالت سے استدعا ہے کہ سابق تفتیشی افسر کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے خاتون ملزمہ سمیت تین ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔ ملزمان میں فرحان جاوید، اس کی والدہ اور بہنوئی شامل ہیں۔ عدالت نے ملزمان کی 50، 50ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے مقدمے کے سابق تفتیشی افسر سجاد کیخلاف قانونی اور محکمہ جاتی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق بچے کی ہلاکت کا مقدمہ بہادر آباد تھانے میں درج ہے۔

ای پیپر دی نیشن