عادی مجرموںکو برقی کڑا لگانے کیلئے نیا بل سندھ اسمبلی میںپیش


کراچی ( نیوز رپورٹر )سندھ حکومت نے عادی مجرموں کو برقی کڑا لگانے کے لیے نیا مسودہ قانون سندھ اسمبلی میں پیش کردیا ہے،پیرکے روزسندھ اسمبلی کے اجلاس میں عادی مجرموں کی نگرانی کابل ایوان میں متعارف کرادیا گیا جسے غور و خوض اورسفارشات کے لئے مجلس قائمہ برائے محکمہ داخلہ کے سپرد کردیا گیاہے۔مجوزہ مسودہ کے مطابق چوری، ڈکیتی، اقدام قتل کے ملزمان، کار  اور موٹر سائیکل چوری و چھیننے، منشیات کے استعمال یا فروخت میں ملوث عادی ملزمان کی مانیٹرنگ کی جائے گی اورمجازعدالت کی اجازت کے بعد پولیس کی طرف سے ملزمان کو الیکٹرانک کڑا لگایا جائے گا،الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے عادی ملزمان کی نقل و حرکت کی مانیٹر کی جاسکے گی۔مسودے میں بھتہ خوری سمیت دیگر جرائم کے عادی مجرموں کے خلاف سزاں میں اضافے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔تعزیراتِ پاکستان دفعہ 384 کے تحت بھتہ خوری  کی سزا تین سال قید یا جرمانہ میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے رحجان کے باعث سزا پانچ سے سات برس کرنے اورجرمانے کی رقم میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بل کی منظوری کے بعد سندھ پولیس پہلے مرحلے میں 5 ہزار سے زائد برقی کڑے خریدے گی۔

ای پیپر دی نیشن