لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم تجربہ کار کھلاڑیوں پر منحصر ہے، پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ریڈ بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے۔سعود شکیل اور محمد نواز کی جیتنی تعریف کی جائے کم ہے، امام الحق اسپتال سے آئے اور اچھی بیٹنگ کی۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ خوش ہوں لیکن بدقسمتی سے نتیجہ ہمارے حق میں نہیں آیا، کراچی کی وکٹ بھی اسپنرز کے لیے سازگار ہو گی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ سیریز ہار گئے لیکن آخری ٹیسٹ جیت کر انگلینڈ کو جواب دینا چاہتے ہیں، آپ یا تو جیتے ہیں یا سیکھتے ہیں، امید ہے کھلاڑیوں نے بہت کچھ سیکھا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جو غلطیاں ہوئیں اس کا جائزہ لیں گے، سعود شکیل کے کیچ پر دنیا تبصرہ کر رہی ہے، امپائر کے فیصلے ماننے ہوتے ہیں اور صرف ایک کیچ کو لے کر ہی نہیں بیٹھ جانا ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ ہر کسی کو بابر اور رضوان سے امیدیں ہیں، سب اسکور کریں ایسا ممکن نہیں، عوام اور میڈیا رنز، وکٹیں اور جیت دیکھتی ہیں، کوچ اعتماد، یقین، کنٹرول، عمل اور فوکس دیکھتا ہے، جیت رنز وکٹیں نہ ملیں لیکن اعتماد یقین بھروسہ ہونا چاہیے۔ثقلین مشتاق نے کہا کہ محمد رضوان ہمیشہ پر اعتماد نظر آتا ہے، یقین اس میں ہوتا اور سپر فٹ رہتا ہے، تگڑا رہتا ہے، امید ہے وہ آئندہ میچز میں اسکور کرے گا۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 26 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔انگلش ٹیم کو 3 میچز کی سیریز میں 2 صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی جانب سے سعود شکیل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ملتان ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش ہوں: ثقلین مشتاق
Dec 13, 2022