فیم پبلیکن کپ، مزید تین ٹیموں نے پری کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرلیا

Dec 13, 2022


لاہور (سپورٹس رپورٹر)فیم فٹ بال کلب ماڈل ٹاون کے زیر اہتمام جاری ’’فیم پبلیکن کپ2022‘‘کے دوسرے مرحلے میں مزید تین میچز کا فیصلہ ہوگیا۔ بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی، رئیل لاہور اور شہباز فٹ بال کلب نے مدمقابل ٹیموں کو زیر کرکے پری کوارٹر مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔ ینگ راوی، باٹھ کلب اور سینٹوس ایف سی شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔
 فیم فٹ بال کلب ماڈل ٹاون گراونڈ کی مصنوعی روشنیوں میں گزشتہ رات کھیلے گئے پہلے میچ میں رئیل لاہور نے باٹھ فٹ بال کلب کو یکطرفہ طور پر چھ گولز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ فاتح ٹیم کے لئے عیسیٰ اور حماد نے دو دو جبکہ زاہد اور عامر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ دوسرے میچ میں بحریہ ٹاون فٹ بال اکیڈمی اورینگ راوی کے درمیان شاندار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں ایک ایک گول کرسکیں جبکہ پینلٹی ککس پر بی ٹی ایف اے کو ایک کے مقابلے چار گولز سے سبقت حاصل ہوئی۔ ہفتے کی رات کھیلے گئے میچ میں ایگل ایف سی اور سینٹوس ایف سی کے مابین کانٹے کی ٹکر ہوئی۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تاہم پینلٹی ککس پر ایگل ایف سی نے چار کے مقابلے پانچ گولز سے فتح حاصل کرکے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کے ہیڈ ضیاء عارف ڈوگر کے مطابق ایونٹ میں آج داتا ہجویری فٹ بال کلب اور لاہور یونائیٹڈ مدمقابل ہونگے۔ 

مزیدخبریں