ملتان( خبر نگار خصوصی) چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے اور پاکستان کے تینوں صوبے جنوبی پنجاب سے آ کر جڑتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے صحت اور تعلیم کے منصوبوں کے ثمرات سے دیگر تین صوبوں کے عوام بھی مستفید ہوتے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب میں تمام شعبوں کو ترقی دینا چاہتی ہے۔ یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کے زیر تعمیر منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر ، کمشنر ملتان ڈویڑن اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو بھی انکے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں غربت کا خاتمہ،شرح خواندگی میں اضافہ اور صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو تمام محکمے مرحلہ وار منتقل کئے جائیں گے اور سیکرٹریٹ کو مزید باختیار بنایا جائے گا۔عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر کے لئے فندز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن ر ثاقب ظفر نے بتایا کہ سول سیکرٹریٹ کے منصوبے پر پیش رفت بارے آئی ڈیپ سے ہفتہ وار رپورٹ طلب کی جاتی ہے اور ان کا آفس منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے۔ آئی ڈیپ کے حکام نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا منصوبہ 504 کنال رقبہ پر محیط ہے اور اس منصوبے پر3 ارب 51 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبہ اگست 2023 تک مکمل کرنے کے لئے کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے۔