لاہور( این این آئی)پاکستان میں ریٹیل بزنس کے مستقبل پر بزنس سمٹ ایکسپو آج بروز منگل کو ہوگی۔ اس سمٹ کی میزبانی چین سٹورایسوسی ایشن آف پاکستان کررہی ہے جس میں پاکستان کے 200 بڑے برانڈز اور ریٹیلرز شامل ہیں۔ اس سمٹ اور ایکسپو سے ریٹیل سیکٹر کو باہمی روابط بڑھانے اور کاروباری اشتراک قائم کرنے میں مدد ملے گی ۔اس ایونٹ کی وجہ سے پالیسی سازوں سے لے کر لاجسٹکس، ای کامرس مارکیٹ پلیس سے لے کر مالیاتی خدمات تک سب ایک چھت تلے جمع ہوں گے۔ سمٹ میں قومی و بین الاقوامی کاروباری رہنما اور ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ ماہرین ریٹیل کے خاندانی کاروبار، مالز اور برانڈز کے درمیان تعاون، رئیل سٹیٹ میں رحجانات ، سپر مارکیٹوں کے مستقبل اور آن لائن مارکیٹ پلیس پربھی اظہار خیال کریں گے۔