حکومت اور کے الیکٹرک مل کر بجلی بحران پر قابو پانے کی کو شش کر رہے ہیں :وزیر اعلیٰ سندھ

Dec 13, 2022


کراچی ( نیوز رپورٹر )وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت توانائی کی ترقی اور اصلاحات لانے کی خواہاں ہے تاکہ شہر قائد کی معیشت مزید مستحکم اور ملازمتیں پیدا ہوسکیں۔ یہ بات انھوں نے کراچی میں ہاکس بے کے قریب منعقد کے الیکٹرک 500 کے وی گرڈ اسٹیشن کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں وزیر توانائی امتیاز شیخ، مرتضیٰ وہاب ، سفارتکار آصف خان ، کاروباری حضرات اور سول سوسائٹی کے اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ کے پہنچے پر کے الیکٹرک کے سی ای او سید مونس علوی نے گرڈ اسٹیشن کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ سیمینز کے ایم ڈی مسٹر مارکس نے پروجیکٹ کی تکنیکی خصوصیات کے حوالے سے بریف کیا۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم معیاری اور سستی بجلی پیدا کرنے اور بہتر توانائی کے نظام کی تعمیر کے خواہاں ہیں ۔ سندھ حکومت اور کے الیکٹرک ملکر کراچی کے انرجی لینڈ اسکیپ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کام کر رہے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ جب مل کر بیٹھتے ہیں تو درپیش چیلنجز کے مسائل کا حل سامنے نکل آتا ہے۔ ہمیں اس جذبے کے ساتھ عام آدمی کی بہتری کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ میں کے الیکٹرک کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے سنگ بنیاد کی تقریب میں مدعو کیا اورسیمنز کمپنی اور جرمن قونصل جنرل کا بھی مشکور ہوں جو اس اہم منصوبے میں شرکت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ یہ منصوبہ اہم اس لئے ہے کہ کیوں کہ اانفراسٹیکچر کی ترقی خاص طور پر شعبہ توانائی ملک کی نشونما، ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور مذکورہ گرڈاسٹیشن کی بدولت نیشنل گرڈ سے اضافی توانائی حاصل کرنے میں مدد ملے گی جس سے کراچی کی صنعتی علائقوں سمیت ملحقہ علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں انجنیئرز اور پروجیکٹ ڈزائنرز کی کاوشوں کو ہرگز نہیں بھولنا چاہئے جن کے بغیر یہ سب ممکن نہیں ہوتا۔ وزیراعلی نے کہا کہ کے الیکٹرک کراچی کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہے اور مسائل کے حل میں اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم بہتر توانائی کے نظام کی تعمیر کے خواہاں ہیں جس سے معیاری اور سستی بجلی حاصل ہو سکے۔انھوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت، کے الیکٹرک اور ورلڈ بینک سندھ سولر انرجی پروجیکٹ پر مل کر کام کر رہے ہیں جس سے نہ صرف اضافی، معیاری اور مثر توانائی پیدا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس سے سالانہ 350کلو ٹن کاربن کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور یو ایس ایڈ/پاکستان کے مشن ڈائریکٹر مسٹرریڈ ایسچلی مین نے مکمل غور و خوض کے بعد سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کیلئے گرین کوآپریشن پروگرام شروع کرنے اور تباہ کن سیلابی علاقوں میں مکانات و اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر نو اور شعبہ صحت کو مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس وزیراعلی ہاﺅس میں منعقد ہوا،جس میںیوایس ایڈ کے کنٹری چیف کے ساتھ قائم مقام ڈپٹی مشن ڈائریکٹر مسٹر ژیرس سدھوا اور قائم مقام قونصل جنرل مسٹر مسٹر لیام او فلناگن بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ

مزیدخبریں