کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان کے معروف اسلامی بینک میزان بینک کو پاکستان بینکنگ ایوارڈز کے ساتویں ایڈیشن میں بیسٹ کنزیومر بینک کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل میزان بینک 2018اور 2020میں 'بہترین بینک'کا ایوارڈ اور 2016اور 2017میں ـ'بہترین اسلامی بینک'کا ایوارڈ جیت چکا ہے۔ میزان بینک کے گروپ ہیڈ ریٹیل بینکنگ ، کمرشل، ایس ایم ای اینڈ ایگریکلچراعجاز فاروق نے مہمانِ خصوصی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور اے ایف فرگوسن اینڈ کمپنی کے ٹیرٹری سینئر پارٹنرسلمان حسین سے ایوارڈ وصول کیا۔پاکستان بینکنگ ایوارڈ ڈان میڈیا گروپ، انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان (IBP) اور اے ایف فرگوسن کا ایک مشترکہ اقدام ہے جس کی سرپرستی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کرتاہے۔ پاکستان بینکنگ ایوارڈ ملکی بینکنگ سیکٹر میں باوقار اوربہترین کارکردگی کی علامت سمجھاجاتاہے۔ میزان بینک کو بہترین کنزیومر بینک کا ایوارڈ متعدد معیارات پر پورا ترنے پر دیا گیا ہے جن میں شاندار اور موئثر خدمات کی فراہمی اور صارفین کی ضروریات پر توجہ دینا شامل ہیں۔ اسٹیٹ بینک کے سابق گورنرسید سلیم رضا کی سربراہی میں 5ممبران پر مشتمل ماہرین کی جیوری نے میزان بینک کو پاکستان کا بیسٹ کنزیومر بینک منتخب کیا۔ جیوری نے اس ایوارڈ کے لیے نامزد بینکوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بہترین کنزیومر بینک کا فیصلہ کیا۔