حیدرآباد(بیورو رپورٹ ) چمن بارڈر پر افغان فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کے نتیجے میں 6پاکستانیوں کی اموات تشویشناک ،قابل مذمت ہے،کشیدگی دونوں ممالک کے فائدے میں نہیں، افغان فورسز آئندہ اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی تنظیم آرائیاں پاکستان کے مرکزی صدر چوہدری محمد جمیل آرائیں نے اپنے بیان میں گزشتہ روز بلوچستان میں پاک افغان چمن بارڈر پر خاردار تار لگانے کے تنازعے پر افغان بارڈر فورسز کی جانب سے شہری علاقے میں بلا اشتعال گولہ باری و فائرنگ کے نتیجے میں 6پاکستانیوں کی اموات اور17کے زخمی ہونے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیتے ہوئے انتقال کرنے والوں کی مغفرت درجات کی بلندی اور ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پاکستان نے روسی حملے سے لے کر نیٹو حملے تک افغان لوگوں کی ہر مشکل وقت میں مدد کی ہے،لاکھوں مہاجرین کو پاکستان میں پناہ دی افغان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستان میں بلا اشتعال گولہ باری و فائرنگ کسی صورت دانشمندانہ طرزِ عمل نہیں ہے کشیدگی کے واقعات دونوں ممالک کے فائدے میں نہیں ہیں اس کا فائدہ دشمن ممالک ہی اٹھائیں گے پاکستانی فورسز کی کشیدگی سے بچنے کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، افغان حکام آئندہ ایسی اشتعال انگیزی سے گریز کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
افغان فورسز کی گولہ باری قابل مذمت ہے ، چوہدری محمد جمیل
Dec 13, 2022