وزیر اعظم شہباز شریف نے سکھر حیدر آباد موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا

Dec 13, 2022 | 13:13

ویب ڈیسک

سکھر: وزیر اعظم شہباز شریف نے سکھر حیدر آباد موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے سکھر حیدر آباد موٹر وے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ مواصلات اسعد محمود اور دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ اور خورشید شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کا سکھر ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔ دورے کے موقعے پر وفاقی وزراء مریم اورنگزیب، امین الحق، مشیر قمر زمان کائرہ اور رکنِ قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایم 6 سکھر تا حیدر آباد موٹر وے کے سنگِ بنیاد کی پہلی تقریب سکھر میں منعقد ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب سول ایوی ایشن آڈیٹوریم حیدر آباد میں بھی ہوگی۔سول ایوی ایشن آڈیٹوریم کی تقریب سے وزیر اعظم کے علاوہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، وزیرِ آئی ٹی امین الحق اور دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔ این ایچ اے کا کہنا ہے کہ موٹر وے منصوبہ 306 کلو میٹر طویل ہے۔وفاقی حکومت نے طویل ایم 6 منصوبے کی تکمیل کیلئے 3 کھرب 7 ارب روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔ وزیر اعظم نے سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد وزیر اعلیٰ اور مولانا اسعد محمود کے ہمراہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے دعا بھی کی۔

مزیدخبریں