مذاکرات سے انکار نہیں، حکومت کی نیت صاف نہیں لگتی:شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے نائب چیئرمین و سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات سے انکاری نہیں ہے تاہم شہباز شریف حکومت کی نیت صاف نہیں لگتی۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے کاوشیں کیں، تاہم وہ بھی مایوس ہو گئے جبکہ عمران خان مشاورت کر رہے ہیں۔بیان میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت جاری ہے۔ مشاورت کا عمل تیز ہے تاہم ہمارے لیے یہ بات واضح ہے کہ حکومت کے پاس کوئی منصوبہ نہیں۔ حکومت صرف بات چیت کر رہی ہے۔سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت بالکل سنجیدہ نہیں، مذاکرات سے کون انکار کرتا ہے؟ تاہم ان کی نیت صاف نہیں۔ گزشتہ سات آٹھ ماہ میں عوام کو معیشت کی حالتِ زار نظر آگئی ہے۔ گورننس نام کی کوئی چیز نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت اپنے کیسز ختم کرانے کیلئے اقتدار کو طول دے رہی ہے۔ مفتاح اسماعیل کا آئی ایم ایف سے معاہدہ طویل بات چیت کے بعد ہوا، آج اسحاق ڈار اس معاہدے کو اون نہیں کرتے۔ دہشت گردی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے بچاؤ کیلئے ملک کو داؤ پر لگا چکی ہے۔ ہم کسی کے پیچھے پڑنے کے خواہاں نہیں۔ افغانستان کے معاملے پر بلاول بھٹو لاتعلق نظر آتے ہیں۔ ان سے سوال کیا جائے دفتر میں کتنے دن بیٹھے؟ نواز شریف پورے بندوبست سے قبل پاکستان نہیں آئیں گے۔

ای پیپر دی نیشن