اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم شہباز شریف نے العزیزیہ کیس فیصلے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اﷲ نے میرے بھائی اور قائد کو بری کیا۔ ایک وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے جھوٹے مقدمات انجام کو پہنچ رہے ہیں۔ انشاء اﷲ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایک بار پھر ترقی کرے گا۔ سات سال جو ضائع کئے گئے وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے نقصان دہ تھے۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا۔ الحمد ﷲ۔ قائد نواز شریف تمام مقدمات سے بری ہو گئے۔ جس نے اﷲ پر معاملہ چھوڑا اسے آج اﷲ نے سرخرو کر دیا۔ عوام کے سامنے ان جعلی جھوٹے مقدموں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔ انصاف ملنے میں 7 سال گزر گئے۔ ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ نواز شریف چوتھی بار پھر عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنیں گے۔ ملک و قوم کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں سے رکا تھا۔ نوجوان کا روزگار‘ مہنگائی میں کمی‘ ترقی کی شرح 6.1 ‘ نواز شریف سب ٹھیک کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے اچھا وقت آئے گا۔ پاکستان کو مبارک ہو۔ رہنما مسلم لیگ ن طارق فضل چودھری نے کہا کہ اﷲ نے نواز شریف کو سرخرو کیا۔ نیب کے پاس فوٹو کاپیوں اور تجزیوں کے سوا کوئی ثبوت نہیں تھا۔ نواز شریف جلد دوسرا جلسہ بھی کریں گے۔ رہنما مسلم لیگ ن جاوید لطیف نے کہا کہ اﷲ نے کرم کیا نواز شریف کو بالآخر انصاف مل گیا۔ نواز شریف کو انصاف ملتے ملتے بہت دیر ہوئی۔ خوشی کے ساتھ غم بھی ہے کہ پاکستان کا کیا حال کر دیا گیا۔ یہ نیکی بھی کریں کہ ان کرداروں کو سامنے لایا جائے جو سابقہ فیصلوں کے پیچھے تھے۔ حقائق سامنے لائے جائیں کہ ان فیصلوں کے پیچھے کون سی ملکی و بین الاقوامی طاقتیں تھیں۔سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے ہمیں تو انصاف کو حاصل کرتے 7 سال لگے ہیں۔ سات برسوں میں جلاوطنی اور قید بھی ہے ۔ میں کسی پراسیس یا انکوائری کے بغیر کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہراؤں گا۔ جنہوں نے نواز شریف کیخلاف غلط کیسز بنائے ان کے ضمیر پر بوجھ ہو گا۔ آج شریف فیملی کو انصاف ملا ہے۔ ہم نہیں چاہتے الیکشن مؤخر ہوں۔