لاہور( نیوز رپورٹر)پنجاب گروپ ، ارنسٹ اینڈ ینگ (EY) پاکستان، اور TMC پرائیویٹ لمیٹڈ کے تعاون سے پنجاب گروپ میں ڈیجیٹل تبدیلی کے پراجیکٹ کا گزشتہ روز باقاعدہ آغاز کیا گیا اس سلسلے میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیاگیا ۔یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں منعقدہe Project Evolvکی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود تھے۔۔ تقریب میں ہر ادارے کے اہم نمائندوں نے شرکت کی یہ منصوبہ رپورٹنگ کے طریقہ کار کو مضبوط بنائے گااور معلومات کے بہاؤ اور فیصلہ سازی کو جلد اوربغیر کسی رکاوٹ کے یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب گروپ ، TMC پرائیویٹ لمیٹڈ اورارنسٹ اینڈ ینگ (EY) پاکستان کے تعاون سے ڈیجیٹل تبدیلی کو مختلف مراحل سے ہوتے ہوئے 29 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔نئے نظام کے اطلاق کا نفاذ نو سیکٹرز میں موجود پنجاب گروپ کی 28 کمپنیوں میں ہو گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمودکا کہنا تھا کہ ہمیں نئی ٹیکنالوجی پر اعتماد ہے اور اس کو اپنانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کیوں کہ ہم اپنے تمام معاملات میں شفاف ہیں۔ٹیکنالوجی کی وجہ سے بہت سے شعبہ جات میں انسانون کی ضرورت ختم ہو رہی ہے اور ہمیں اپنے آپ میں اس تبدیلی کو اپنانے کی صلاحیت پیدا کرنی ہوگی ۔