پہلا ٹیسٹ: پاکستان، آسٹریلیاکل سے پرتھ میں مدمقابل، کم گھاس والی پچ تیار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو پیس اینڈ باؤنس سے پھنسانے کا جال تیار کر لیا گیا،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل 14 دسمبر سے شروع ہو گا۔کیوریٹر آئزک میکڈونلڈنے کہا کہ پچ  مختلف اپروچ کیساتھ تیار کی گئی ہے، میرے طریقے میں پچ تھوڑی ٹاپ سے ہارڈ اور گھاس تھوڑی کم ہونی چاہیے، میں لمبے فارمیٹ کے لیے ایک اچھی پچ دیکھ رہا ہوں۔آسٹریلیا ٹیم کے کوچ اینڈریو میکڈونلڈ کے مطابق پرتھ پچ کا باؤنس ایشین ٹیم کیلئے ایک چیلنج ہوتا ہے، پرتھ کی پچ پر بائولرز اور بیٹرز دونوں کیلئے بہت کچھ ہو گا۔آسٹریلوی کرکٹر سٹیو سمتھ نے کہا کہ پرتھ پچ میں باؤنس بھی ہو گا اور پیس بھی، پچ پر گھاس کی وجہ سے آغاز میں سیم موومنٹ بھی ہو گی، آسٹریلوی ٹیم کو اس کا فائدہ ہو گا۔آف سپنر ساجد خان نے پرتھ میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیا۔ قومی ٹیم نے واکا گرائونڈ میں بیٹنگ، بائولنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں میں بھرپور پریکٹس کر کے اس میں موجود کمزوریوں کو دور کرنے کی کوشش کی جبکہ کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ میں بھی شرکت کی۔آسٹریلیا کیخلاف پرتھ ٹیسٹ کیلئے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کی اہم مشاورت ہوگی۔  نعمان علی کے میچ کھیلنے کا امکان  جبکہ ساجد خان آج پرتھ میں قومی ٹیم کیساتھ پریکٹس کریں گے۔ وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کے بھی میچ کھیلنے کا قوی امکان ہے جبکہ آل راؤنڈر سلمان آغا کا پرتھ ٹیسٹ کھیلنے کا امکان نہیں ہے۔  بابر اعظم نمبر 4 پر کھیلیں گے۔   شاہین آفریدی اور حسن علی کی شمولیت یقینی ہے جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف کے علاوہ مزید 3 فاسٹ بائولرز کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن