پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ عمران خان نے خیبرپختونخواہ میں افغان شہریوں کو جعلی شناختی کارڈ بنا کر دیے۔جمعیت علماء اسلام فی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے الیکشن کمیشن سے آصف زرداری کے بیان کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اگر ایسا ہے جیسا آصف زرداری نے کہا ہے تو ایسے تمام ووٹ ختم ہونے چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر چند دنوں کی تاخیر سے شفاف الیکشن ملتے ہیں تو یہ کوئی بڑا سودا نہیں ہوگا۔آصف زرداری نے نے نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ جو لاڈلہ جیل میں ہے اسے 30 سال میں بنایا گیا تھا، ہمیں یاد ہے اس لاڈلے کو کس نے کیسے لانچ کیا تھا، جب لانچنگ ہورہی تھی تو پیسے لے رہا تھا ، لاڈلے نے خیبرپختونخواہ میں افغان شہریوں کو شناختی کارڈ بنا کر دیئے، یہ لاڈلہ اسی لئے افغان شہریوں سے زیادہ محبت کرتا ہے، ایک کم ظرف کو ملک دیا گیا جس نے بیڑہ غرق کردیا، اس لاڈلے کو جیل میں ایکسرسائز مشین ملی ہوئی ہے، میرے وکلاء ہفتے میں ایک بار آتے تھے۔ لاڈلے کو نہ ہٹاتے تو ملک بیچ دیتا ملک ڈیفالٹ ہوچکا ہوتا، پی ٹی آئی کے پاس انتخابی امیدوار صرف وکلاء ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ شہبازشریف کو نمبرز پورے کرکے میں نے وزیراعظم بنوایا، کم ازکم پیپلزپارٹی وزیراعظم تو بنا سکتی ہے، امید ہے پارلیمان کی بڑی پارٹی بنیں گے، نوازشریف نے کہا وہ چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے، لیکن پیپلزپارٹی میں وزیراعظم کا امیدوار میں بھی ہوسکتا ہوں اور بلاول بھٹو بھی ہوسکتے ہیں۔ الیکشن آج ہوں یا کل پرسوں الیکشن ہرصورت ہونے ہیں، الیکشن کی تاریخ آگے پیچھے کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، 8 فروری کی بجائے الیکشن 8 یا 10دن آگے جائیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو نوازشریف کو لاڈلہ کہتے ہیں ، لیکن لاڈلہ وہ ہے جو 25 نشستیں جیت جاتا ہے اور پھر اس کی حکومت بنوائی جاتی ہے۔