اسلام آباد (ریڈیو مانیٹرنگ) پاکستان نے 8 صفحات پر مشتمل ممبئی تحقیقاتی رپورٹ میں بھارت سے جو 30 سوالات پوچھے اور جو شواہد طلب کیے ہیں ان میں ان افراد کی تفصیلات بھی شامل ہیں جو مالیگائوں دھماکوں اور سمجھوتہ ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعات میں ملوث تھے یا مشکوک رہے۔ دونوں حملوں میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان نے بھارت کو جو تحقیقاتی رپورٹ بھارتی ہائی کمشنر کے توسط سے بھیجی ہے اس کے مطابق سمجھوتہ ایکسپریس میں پاکستانی دہشت گردی کا نشانہ بنائے گئے تھے۔ رپورٹ میں ممبئی حملوں کی تحقیقات کرنے والے افسر ہمینت کرکرے کے بارے میں تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ بچ جانے والے ڈرائیور کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔ ہیمنت کرکرے ممبئی انسداد دہشت گردی سکواڈ کے سربراہ تھے۔ انہوں نے مالیگائوں دھماکوں کی تفتیش میں ہندو شدت پسندوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ یہ بھی مطالبہ کیا کہ سمجھوتہ ایکسپریس حملے کے منصوبہ ساز کرنل پروہت کے بارے میں بھی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں۔ کرنل پروہت کو ممبئی حملوں سے قبل ہیمنت کرکرے کی سربراہی میں ممبئی انسداد دہشت گردی سکواڈ نے مالیگائوں دھماکوں کی تحقیقات کے دوران گرفتار کیا گیا۔ دستاویز میں گجرات کے ہیروں کے تاجر کے بارے میں بھی معلومات طلب کی گئی ہیں جو مالیگائوں دھماکوں میں مشتبہ ملزم ہے۔