کیانی سے شہبازشریف کی ملاقات فوج کی تربیت سے پولیس دہشت گردوں کا مﺅثر مقابلہ کریگی: وزیراعلیٰ

اسلام آباد (وقت نیوز+ ریڈیو مانیٹرنگ) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے ملاقات کی۔ اس دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ پنجاب پولیس کی تربیت کیلئے پاک فوج کے کردار سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماﺅں کی ملاقات جی ایچ کیو میں ہوئی۔ شہبازشریف نے اسلام آباد ائرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ تفصیلی ملاقات میں پنجاب پولیس کی ٹریننگ کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف سے سکیورٹی معاملات کے حوالے سے بہت مفید بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ فوج کی جانب سے پولیس کو تربیت فراہم کرنے سے پولیس دہشت گردی کا مﺅثر طور پر مقابلہ کرے گی۔ آرمی چیف سے ایف ڈبلیو او اور این ایل سی کے جاری منصوبوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ پنجاب پولیس کو تربیت دینے پر آرمی چیف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پہلے چھپ کر اور اب اعلانیہ ملاقات کے سوال پر شہبازشریف نے قہقہ لگایا۔ اس سوال پر کہ کیا اس بار آرمی چیف سے ملاقات کی پالیسی ٹھیک رہی۔ شہبازشریف نے کہاکہ میڈیا کو بتاکر ملاقات کرنا بہتر ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں حساس نوعیت کی تنصیبات کو دہشت گردی سے ممکنہ خطرے پر بھی غور کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق ملاقات شہبازشریف کی اپنی خواہش پر ہوئی اور پنجاب حکومت کے ذمہ داران اس ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو خود آگاہ کرتے رہے، شہبازشریف نے پنجاب ہاﺅس میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ذرائع نے بتایا کہ شہبازشریف کی یہ آرمی چیف سے تیسری ملاقات تھی، جمعہ کو ہونے والی ملاقات کے حوالے سے عسکری و آئی ایس پی آر ذرائع نے کوئی بات نہیں کی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہبازشریف نے آرمی چیف کو پیشکش کی کہ فوج ایلیٹ فورس کو تربےت دینے کیلئے پنجاب پولیس کے ٹریننگ سنٹرز بھی استعمال کر سکتی ہے۔ سیاسی حلقے ملک کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس ملاقات کو بہت اہمیت دے رہے ہیں کیونکہ نوازشریف اور شہبازشریف کی اہلیت کے حوالے سے ان دنوں مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
کیانی/ شہبازملاقاتا

ای پیپر دی نیشن