کوژک ٹاپ پر برف باری کے سبب کوئٹہ چمن شاہراہ پر نیٹو کو سپلائی سمیت ہرقسم کی ٹریفک بدستور معطل ہے۔ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں زیارت ، کان مہترزئی ، خانوزئی میں برف باری کے بعد بیشتر علاقوں کا زمینی رابطہ معطل ہوگیا ہے۔ چمن میں بھی گزشتہ روز موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ،گلگت بلتستان میں سکردو،استور ،غزر، ہنزہ نگر اور بالائی علاقوں میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں کئی روز سے بند ہیں اور لوگ محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ چترال اور گردونواح میںبھی وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے ۔لواری ٹنل بھی ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے ۔ایبٹ آباد میں بارش کے بعد سردی بڑھ گئی ہے جبکہ گلیات میں برفباری کے تنیجے میں اپر گلیات کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔ سوات،مانسہرہ اور کرک سمیت خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد سردی کی شدت میںاضافہ ہوگیا ہے۔ پنجاب کے شہروں ملتان ، سرگودھا ، لاہور اور منڈی بہاؤلدین میںبھی ہلکی بارش ہوئی ۔اندرون سندھ جیکب آباد ، لاڑکانہ اور دادو میں بھی رات گئے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جس سے سردی بڑھ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور برف باری کا امکان ہے ۔