لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) نے ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں تین روزہ پرفیوم میکنگ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے بصارت سے محروم افراد میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔ تین روزہ پرفیوم میکنگ ٹریننگ پروگرام لبارڈ نے لیونارڈ چیشائر ڈس ایبلٹی اینڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کے اشتراک سے کیا تھا۔لبارڈ کے صدر محمد پرویز ملک نے کورس کے شرکاءکو سرٹیفیکیٹ دئیے جبکہ سینئر نائب صدر میاں نصرت الدین، نائب صدر بشریٰ اعتزاز احسن، جائنٹ سیکریٹری محمد سعید خان، شائستہ پرویز ملک ، نغمانہ جاوید اور گورننگ باڈی کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرویز ملک نے اس موقع پر کہا کہ لبارڈ کی ترجیحات میں خصوصی افراد کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنا شامل ہے تاکہ وہ کسی پر بوجھ بننے کے بجائے خود اپنا بوجھ اٹھاسکیں۔