میٹرو بس غلط منصوبہ بندی کا منہ بولتا شاہکار ہے: منظور وٹو

لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اور ڈپٹی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی شوکت بسرا پر ہونے والا بدترین تشدد سیاسی انتقام کی ایسی مثال ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس افسوسناک واقعہ سے شہباز شریف کی ذہنیت اور اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے۔ پیپلز سیکرٹریٹ پنجاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تشدد کا جواب تشدد سے نہیں جمہوریت سے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ غلط منصوبہ بندی کا منہ بولتا شاہکار ہے۔ہم ایسا کوئی منصوبہ نہیں بنائیں گے۔ اگر یہی منصوبہ میں بناتا تو اتنے خطیر وسائل سے صرف ایک سڑک نہیں ، بلکہ پورے پنجاب کی سڑکیں ٹھیک کر دیتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میٹرو بس منصوبہ کے بارے میں اپنی پوزیشن بچانے کے لئے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اور غلط اعداد و شمار بتائے جا رہے ہیں ۔صدر مملکت آصف زرداری کی جانب سے شریف برادران کے ساتھ ان کے بھائی عباس شریف کے انتقال پر تعزیت کے لئے رائیونڈ جانے کی خواہش اور اس کے جواب میں شریف برادران کے گریز کے حوالہ سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ یہ (ن) لیگ اور شریف برادران کے اپنے کلچر کی بات ہے۔ میں تو عباس شریف کی نماز جنازہ میں بھی شریک ہوا تھا۔ اب وہ صدر مملکت کو تعزیت کے لئے اپنے گھر آنے کی اجازت دینے میں بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں تو اس کا جواب وہی بہتر دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ قاضی سراج احمدصدر مسلم لیگ فنکشنل ، اسد نواز، سردار ارشد خان، قاضی احمد سعید، اسما ممدوٹ ، اصغر کوریجہ ، خواجہ قطب فرید کوریجہ، عارف خان چانڈیہ، بلال مرتضیٰ خان، رائے محمد اکمل، جام محمد اصغر اور حاجی شاہنواز خان اور معززین علاقہ کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ غلام رسول کوریجہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ہونگے۔ بعد ازاں میاں منظور احمد وٹو نے پنجاب بھر سے آئے پارٹی وفود، علما، نوجوانوں اور پارٹی کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ فنکشنل میں گورنر پنجاب سید احمد محمود کے ساتھیوں نے بھی مسلم لیگ فنکشنل چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ میاں منظور رٹو سے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والوں میں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن پنجاب اسمبلی اسما ممدوٹ، سابق رکن پنجاب اسمبلی اصغر کوریجہ، قاضی احمد سعید، قاضی سراج، اسد نواز چانڈیو سردار ارشد خان ودیگر شامل ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن