دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کا ہوا‘ کیمرون: جدید آلات دیئے جائیں‘ پرویز اشرف

Feb 13, 2013

لندن (نوائے وقت رپورٹ + اے پی اے) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنما¶ں نے افغانستان سے فوج کے انخلا کے بعد کی صورتحال اور افغان امن عمل پر بات چیت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبے میں برطانوی کردار کو سراہا۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت نقصان اٹھایا، پاکستان سے سٹرٹیجک مذاکرات آگے بڑھانے کے لئے برطانیہ پرعزم ہے، ملاقات میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر بھی موجود تھیں۔ پاکستان اور برطانوی وزرائے اعظم کی ملاقات میں وسیع تر سٹرٹیجک تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو جدید دفاعی آلات دئیے جائیں۔ لندن میں پاکستانی برادری سے خطاب میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل جمہوریت اور منصفانہ انتخابات سے وابستہ ہے۔ نگران حکومت اور انتخابات کی تاریخ کا اعلان دو ایک روز میں کر دیا جائے گا۔ پاکستان میں میڈیا، عدلیہ اور دیگر ادارے آزادانہ طور پر کام کر رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے، لندن میں پاکستانیوں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں چند ہفتوں کے اندر تحلیل کر دی جائیں گی جس سے ملک میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہو گی، پاکستان کا مستقبل غیر جانبدارانہ و شفاف انتخابات اور بلارکاوٹ جمہوریت میں پوشیدہ ہے۔ وزیراعظم نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عام انتخابات میں پاکستانی برادری کو شریک ہونے کا حق دینے کیلئے پارلیمنٹ میں دوبارہ بل متعارف کرائے گی۔ مخالفین کی تنقید سے عوام اور کارکنوں کو مایوس نہیں کیا جا سکتا سویلین حکومت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد سے جمہوریت مستحکم ہو گی دہشت گرد ہمیں دہشت زدہ نہیں کر سکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام اداروں اور پاکستانیوں نے تحمل اور استقلال کے ساتھ صورتحال کا سامنا کیا ہے۔ ہماری نیک نیتی کے باعث اللہ تعالی کی رحمت ہمیشہ ہمارے شامل حال رہی۔ شدید مشکلات اور ملک کو درپیش چیلنجوں کے باوجود دہشت گرد نہ تو حکومت کے عزم صمیم کو متزلزل کر سکے اور نہ ہی معمولات زندگی، سماجی تقریبات اور سماجی تعلقات پر اثرانداز ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت نے میڈیا کو آزادی دی جو آمرانہ اور گھٹن زدہ ماحول میں جکڑا ہوا تھا، موجودہ جمہوری دور میں میڈیا حقیقی معنوں میں آزاد ماحول میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے دیہی معیشت میں انقلاب برپا کر دیا ہے جس کی وجہ سے کاشتکار برادری نے پانچ سو ارب روپے کا فائدہ حاصل کیا اور ان کے معیار زندگی میں بہتری آئی اور ان کی توانائی کی ضروریات میں اضافہ ہوا جو ملک کی اقتصادی بہتری کے لئے ایک مثبت اشارہ بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہا حکومت بہاولپور صوبے کے قیام کےلئے سنجیدہ ہے لیکن بدقسمتی سے مخالفین اس پر سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اسمبلی دینا اور فرنٹیئر صوبے کو خیبر پی کے کا نام دینا موجودہ حکومت کا اعزاز ہے۔ 

مزیدخبریں