پاکستان نے ایٹمی میزائل حتف9 نصر کا کامیاب تجربہ کرلیا۔دفاعی ماہرین کے مطابق یہ میزائل تیزرفتاری کے باعث انتہائی خطر ناک ہے۔اس میزائل کی رینج60 کلو میٹر بتائی گئی ہے۔
پاکستان کے بجٹ کا بہت بڑا حصہ دفاعی معاملات پر خرچ ہوتا ہے۔اگر اس میںکمی کردی جائے تو ملک سے پسماندگی دور ہوسکتی ہے چونکہ پاکستان کو ایسے دشمن کا سامنا ہے جو اسلحہ کے انبار لگا رہا ہے اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ اس لئے پاکستان کو اپنے وسائل دفاع کو مضبوط بنانے کے لئے جھونکنے پڑتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے مابین سب سے بڑا تنازع کشمیر ہے جس کے باعث تین جنگیں ہوچکی ہیں یہ مسئلہ پُر امن طریقے سے حل نہ ہوا تو مزید جنگوں کے خطرات ہمیشہ منڈلاتے رہیں گے۔بھارت کا دفاعی بجٹ پاکستان کے مجموعی بجٹ کے قریب قریب ہے۔ایسے میں پاکستان اپنے دفاع کیلئے جو بھی رقوم مختص کر سکتا ہے‘ وہ اسکی بقاءاور سلامتی کیلئے لازم ہیں۔ حالانکہ یہ ہمارے صحت اور تعلیم اور عوامی مفاد کے پراجیکٹس کے بجٹ میں سے کٹوتی کرکے نکالی جاتی ہیں۔