جامشوروں کو پاور پلانٹ منصوبہ منظور‘ راموڈیم پراجیکٹ پر غور موخر‘ ایکنک نے 324 ارب 50 کروڑ روپے کے 9 منصوبوں کی منظوری دیدی

Feb 13, 2014

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) نے 324 ارب 50 کروڑ روپے مالیت کے 9 منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ ان منظور شدہ منصوبوں کا تعلق زراعت، صحت، توانائی اور پانی کے شعبوں سے ہے۔ ایکنک نے 8 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد لاگت کے ’’سندھ زرعی گروتھ منصوبے‘‘ کی بھی منظوری دی ہے جس سے سندھ میں پیداواریت میں اضافہ ہو گا۔ پنجاب میں اساتذہ کی تربیت، انکی کارکردگی بڑھانے کے لئے 3 ارب 13 کروڑ 77 لاکھ روپے لاگت کے منصوبے بھی منظور کئے گئے۔ خیبر پی کے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کے منصوبے کے علاوہ 4.1 بلین روپے لاگت کا حامل نیوٹریشن سپورٹ پروگرام بھی منظور کیا گیا ہے۔ یہ پروگرام بھی سندھ کے لئے ہے۔ جام شورو سول پاور پلانٹ کا منصوبہ بھی اصولی طور پر منظور کر لیا گیا ہے۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے ہدایت کی گئی ہے کہ اس منصوبے کی تکنیکی اور مالی تفصیلات وفاقی سٹیک ہولڈرز کے ساتھ طے کی جائیں۔ پیسکو ڈسٹری بیوشن آف پاور اور نقصانات میں کمی کا منصوبہ بھی منظور کر لیا گی۔ اس پر 25 بلین روپے لاگت آئے گی۔ ان منصوبوں کا مقصد پیسکو کے نظام میں نئی ٹرانسمیشن لائنز بچھانے اور نئے صارفین کو سہولت دینا ہے۔ بہاولپور میں شمسی توانائی کے ذریعے ایک ہزار میگاواٹ کا قائداعظمؒ سولر پارک منصوبہ منظور کر لیا گیا۔ اجلاس میں داسو ڈیم کی تعمیر کے منصوبے پر غور مؤخر کر دیا گیا۔ کمیٹی نے سندھ میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے 8 ارب86 کروڑ74لاکھ روپے سے زائد مالیت کے منصوبے کی منظوری دی جس سے صوبے میں زراعت، باغبانی اور لائیوسٹاک کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ ایکنک نے جام شورو میں کول پاور پلانٹ کے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے تاکید کی کہ منصوبے کی فنی ومالیاتی تفصیلات پر تمام شراکت داروں کی مشاورت کے ساتھ سفارشات تیار کی جائیں۔ اجلاس میں سندھ میں خوراک کے تحفظ کے پروگرام کیلئے 4 ارب11 کروڑ79 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے منصوبے کی منظوری دی گئی ۔پنجاب میں اساتذہ کو تربیت دینے والے اداروں کی کارکردگی بڑھانے اور ایلیمنٹری سکولوں کے اساتذہ کی تربیت کے لئے 3 ارب 13 کروڑ 77لاکھ روپے سے زائد کی بھی منظوری دی ہے۔ خبیر پی کے میں شعبہ صحت کی ترقی بالخصوص تولیدی صحت اور لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے بجلی کی تقسیم میں خرابیوں کو دور کرنے اور ترسیل کے نظام کی بحالی کے لئے 25 ارب روپے کی منظوری دی۔ وزارت پانی وبجلی کے بہاولپور میں 4ارب روپے مالیت کے ہزار میگاواٹ کے قائداعظم سولرپارک کی بھی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ مظفرگڑھ میں واقع نیوکلیئر پاور پلانٹ منصوبے کے لئے ایک ارب 67 کروڑ 95 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں منصوبہ بندی کمشن کے وزیر احسن اقبال، وزیر اطلاعات پرویزرشید، صوبائی وزرائ، وزارت خزانہ اور وفاقی وصوبائی حکومتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں