اسلام آباد (اے ایف پی) تحریک طالبان پاکستان نے شمالی وادیٔ چترال میں کیلاش قبیلے اور اسماعیلیوں کیخلاف مسلح جدوجہد کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سنی ہماری اس کاز میں مدد دیں۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں اسماعیلیوں اور کیلاش قبیلے کی اکثریت ہے۔ اے ایف پی کے مطابق طالبان کی ویب سائٹ پر جاری 50 منٹ کی ویڈیو میں سنی مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس جدوجہد میں طالبان کا ساتھ دیں۔ اس میں کیلاش لوگوں سے جن کی تعداد 3500 کے لگ بھگ ہے، کہا گیا ہے کہ وہ اسلام قبول کرلیں یا پھر مرنے کیلئے تیار رہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ اللہ کے فضل سے کیلاش قبیلے کے لوگ اسلام قبول کر رہے ہیں اور باقی نے اگر اسلام قبول نہ کیا تو انہیں اور ان کو تحفظ دینے والے مغربی ایجنٹوں کو ختم کردیا جائیگا۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ عالمی این جی او چترال میں کیلاش قبیلے کو تحفظ دیکر اسرائیل جیسی ریاست بنانے میں مصروف ہیں۔ اس کا یہ منصوبہ ناکام بنا دیا جائیگا۔ آغا خان فائونڈیشن نے علاقے میں 16 سکول اور 16 کالجز اور ہوسٹلز بنا رکھے ہیں اور وہ انکی برین واشنگ کر کے انہیں اسلام سے دور کر رہے ہیں۔
چترال میں اسماعیلیوں‘ کیلاش قبیلے کیخلاف مسلح جدوجہد کا اعلان‘ سنی ہمارا ساتھ دیں : طالبان
Feb 13, 2014