توہین عدالت: وزیر اعظم کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے یانہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

کراچی (ثناء نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یانہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جسٹس احمد علی پر مشتمل سنگل بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چار عدالتی معاونین نے اپنے دلائل مکمل کئے۔ جس کے بعد عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ شہری محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کراچی کے ججز سے متعلق بیان سے عدلیہ کی تضحیک ہوئی ہے جس پر وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس احمد علی شیخ کی عدالت میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ کر لیا۔عدالتی معاونین اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کا موقف ہے کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے جبکہ درخواست گذار محمود اختر کا موقف ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو عدالت میں طلب کیا جائے جیسے یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کو طلب کیا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن