واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف لاہور سمیت کئی شہروں میں احتجاج، ریلیاں، نعرے

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندگان) بجلی عوام کی بنیادی ضرورت ہے، حکومت آئی ایم ایف کے دبائو پر بجلی کی مہنگائی اور اس قومی ادارہ کی مجوزہ نجکاری کرنے کی بجائے بجلی کی چوری روکنے اور اسکے واجبات کی بروقت وصولی کیلئے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے بجلی کے واجبات کی ادائیگی اور نادہندگان صارفین کیخلاف موثر قانونی کارروائی کرنے میں قومی ادارہ محکمہ بجلی کی مدد کرے۔ نئے چیف ایگزیکٹو صاحبان مستقل طور پر تعینات کئے جائیں اور محکمہ کی کارکردگی کے محاسبہ کیلئے اس کا انتظام نجی ارکان بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حوالے کرنے کی بجائے اسے واپڈا یا پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کے حوالے کیا جائے۔ عوام اور قومی صنعت و زراعت اور تجارت کو سستی بجلی مہیا کرکے ترقی دی جائے اور لوڈشیڈنگ کی لعنت ختم کرانے کیلئے سرکاری شعبے میں نئے ہائیڈل اور کوئلہ سے تھرمل بجلی گھر جنگی بنیادوں پر تعمیر کرائے جائیں۔ یہ مطالبات آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام لیسکو اہلکاروں نے احتجاجی ریلی کے شرکا نے کئے۔ واپڈا کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں نے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کیخلاف گذشتہ روز ’’یوم احتجاج‘‘ منایا۔ لاہور میں واپڈا کے ہزاروں محنت کشوں نے بختیار لیبر ہال لاہور سے احتجاجی جلوس نکال کر لاہور پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی ریلی منعقد کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے واضح کیا عوامی جمہوریہ چین اور بھارت میں اس عرصہ میں 80 سے 100 ڈیمز تعمیر ہوئے ہیں لیکن پاکستان میں ماضی کی حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے گزشتہ چالیس سال سے کوئی ڈیم تعمیر نہیں ہوا۔ جس سے سستی بجلی منگلا، تربیلا کی طرح ڈیڑھ روپے فی یونٹ پیدا ہوتی۔ اس کی بجائے نجی تھرمل پاور ہائوسوں اور رینٹل پاور ہائوسوں سے کھربوں روپے کا ضیاع کرکے عوام پر مہنگی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کردیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف و ورلڈ بینک کے دبائو پر اسے نجکاری کے حوالے کرنے سے نہ صرف بجلی مزید مہنگی ہوگی بلکہ بجلی کے نرخوں میں فرق سے پانی کی تقسیم کی طرح بین الصوبائی تنازعات پیدا ہوں گے ورنہ کارکن اسلام آباد تک مارچ کرنے پر مجبور ہوں گے اور اس ادارہ کی مجوزہ نجکاری کو قبول نہیں کریں گے۔ اس ریلی کو آئی اے رحمان سیکرٹری جنرل انسانی حقوق کمشن آف پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا وہ اندھا دھند نجکاری کرنے کی بجائے عوامی مفاد میں اسے پارلیمنٹ و سینٹ اور سول سوسائٹی اور کارکنوں کے نمائندگان سے باہمی مشورہ کریں۔ اجلاس میں رانا عبدالشکور، مقصود، شیخ شعیب، چودھری اکرم، ساجد کاظمی، محمد ایوب، رانا اکرم، طارق پرویز، مظفر متین، نوید ڈوگر نے بھی خطاب کیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کیخلاف پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ریجن بھر کے ہزاروں واپڈا ملازمین نے شرکت کی ریلی کی قیادت ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین محمد اقبال ڈار اور جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خان نے کی۔ ریلی گیپکو ہیڈ کوارٹر سے شروع ہوئی اور جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی لاری اڈہ پر اختتام پذیر ہوگئی۔ ریلی کے شرکاء نے کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے مظاہرین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ اقبال ڈار اور ولی الرحمن خان نے کہا کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت منظور نہیں اس سے لاکھوں ورکرز کے بیروزگار ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا حکومت نجکاری کی بجائے اصلاحات نافذ کرے۔ قصور میں بھی واپڈاکی نجکاری کیخلاف لیسکو واپڈا قصورکی ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں عملہ نے ہڑتال کی اور دفاترزکی تالہ بندی کر دی۔ قصورکی سٹی، رورل سب ڈویژنوںکے دفاترز، ایس ای، ایکسین اور تمام سب ڈویژنوںکی تالہ بندی کرکے ملازمین جس میں افسران، لیبر، عملہ، ریڈنگ سیکشن نے مکمل ہڑتال کرکے دفاتر کی تالہ بندی کر دی۔ اس موقع پر واپڈا پیغام یونین کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری سہیل محمود چودھری، حافظ یحییٰ، سجاد احمد، جہانزیب خاں، چودھری محمد امین ودیگر عہدیداران لیبر، لیڈرز نے کہا پاکستان کے درجنوں ادارے پہلے ہی تباہی و بربادی کے دھانے تک پہنچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف فیصل آباد سمیت میانوالی، سرگودھا، بھلوال، چیچہ وطنی، جوہر آباد، بوریوالا، ساہیوال، ٹوبہ، ڈسکہ، بہاولپور، جھنگ، گوجرہ، حاصل پور اور وہاڑی میں بھی ملازمین نے شدید احتجاج کیا، نعرے لگائے۔ نجکاری برداشت نہیں، مظاہرین پریم یونین کا ملک گیر احتجاج کا اعلان۔ واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں تمام دفاتر کی تالہ بندی کرکے ہڑتال کی گئی اور احتجاجی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔ نعرے لگائے گئے۔ سرگودھا واپڈا آفس میں ریلی نکالی گئی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق محکمہ واپڈا کی نجکاری کے خلاف واپڈا ملازمین نے واپڈا ہائیڈرولک یونین کے چیئرمین رانا عامر کی زیرقیادت سمندری روڈ جھال چوک تا ضلع کونسل چوک احتجاجی ریلی نکالی اور ضلع کونسل چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے روڈ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بلاک کر دیا۔ بعد ازاں ریلی کے شرکاء نے ضلع کونسل چوک میں احتجاجی دھرنا دیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق حکومت کی طرف سے مشترکہ مفادات کی کونسل میں اہم قومی اداروں کی نجکاری کی منظوری پر پریم یونین نے ملک گیر احتجاج  کرنے کا اعلان کر دیا،12 مارچ کوحافظ سلمان بٹ کی قیادت میں لاہور میں احتجاج کیا جائے گا۔ گوجرہ میں بھی قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...