ایل پی جی کی قیمت میں نوٹیفکیشن کے بغیر ہی 5روپے کلو اضافہ

لاہور (کامرس رپورٹر) ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایل پی جی کی قیمت میں 5روپے فی کلو اضافہ کر دیا ہے جس کے باعث گھریلو سلنڈر 60 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 240روپے اضافہ ہو گیا ہے۔  اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں  بے بنیاد اضافہ کیا گیا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے مارکیٹنگ کمپنیوں نے اوگرا کے نوٹیفکیشن کے بغیر قیمتوں میں اضافہ کرکے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔ بااثر کمپنی مالکان کے سامنے اوگرا خاموش تماشائی بنا بیٹھا ہے۔ گیس مافیا نے قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے کیلئے مصنوئی قلت کا ڈرامہ شروع کردیا جبکہ گیس وافر مقدار میں موجود ہے۔ وزیراعظم، وزیر پٹرولیم اور اوگرا قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کا فوری نوٹس لیں۔ علاوہ ازیں ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی  اور تمام بڑے شہروں میں قیمت  115روپے فی کلو، 1330روپے گھریلو سلنڈر اور 5320روپے کمرشل سلنڈر  اور مری، گلگت بلتستان، فاٹا، ناران، کاغان، آزاد کشمیر  وغیرہ  تمام پہاڑی علاقوں میں قیمت 135روپے فی کلو ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن