اسلام آبا د(مقبول ملک/ دی نیشن رپورٹ) حکومت نے کفایت شعاری اور سادگی کو فروغ دینے اور بچت کے سالانہ ہدف کو پورا کرنے کیلئے دنیا بھر میں سفارتخانوں کے اخراجات کو محدود کرنا شروع کردیا۔ سالانہ 3.5 بلین روپے کی بچت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں سفارتخانوں کے اخراجات میں کمی لانا بھی شامل ہے۔ ذرائع نے دی نیشن کو بتایا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی سربراہی میں مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتخانوں کے عملے کو کم کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ کمیٹی وزیراعظم کی ہدایات پر قائم کی گئی ہے جو کفایت شعاری اور سادگی کو اپناتے ہوئے سفارتخانوں کے تیس فیصد اخراجات کو کم کرے گی۔ دنیا بھر میں وزارت خارجہ امور کے زیر اہتمام اس وقت ستر سفارتخانے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پہلے مرحلے کے دوران پانچ مشنز بند کئے جارہے ہیں جن میں موریطانیہ، چلی، نیگر، سربیا اور بوسنیا شامل ہیں۔ اس سے قبل آئرلینڈ میں بھی پاکستانی مشن بند کیا جاچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق سفارتی عملے کیلئے رہائش، صحت سمیت دیگر الائونس میں تیس فیصد کمی کی گئی ہے۔ اسی طرح سفارتکاروں کے بچوں کے لئے تعلیم پر دی جانے والی سبسڈی میں اسی فیصد کم کرنے کا کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا کو نان فیملی سٹیشنز قرار دیا جاچکا ہے۔