اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایشیائی ترقیاتی بنک جامشورو میں کوئلہ سے چلنے والا 600 میگاواٹ کا بجلی گھر تعمیر کرنے کے لئے 900 ملین ڈالر قرضہ فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں بنک اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدہ پر دستخط ہو گئے۔ سیکرٹری اقتصادی امور نرگس سیٹھی اور بنک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر وارنر لائی پیچ نے معاہدہ پر دستخط کئے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور بنک کے نائب صدر وین چائی ژانگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وین چائی ژانگ نے معاہدہ کی تقریب میں کہا کہ جامشورو پاور پلانٹ کی تعمیر سے کم لاگت کے ساتھ بجلی کی تیاری میں مدد ملے گی۔ پاکستان کو بجلی کی لاگت گھٹانے میں کامیابی حاصل ہو گی۔ ملک کے تیل کے درآمدات کے بل میں بھی کمی آئے گی۔ پاکستان ہر سال 14 بلین ڈالر کا تیل درآمد کرتا ہے جس کا بیشتر حصہ بجلی کی تیاری پر صرف ہوتا ہے۔ جامشورو کول پاور پلانٹ 2018ء میں مکمل ہو گا۔ پلانٹ کے لئے 220 ملین ڈالر اسلامی ترقیاتی بنک اور 380 ملین ڈالر حکومت پاکستان دے گی۔