عمران فاروق کیس، سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کا لندن میں پاکستانی کے کالج پر چھاپہ

لندن (نیٹ نیوز) سکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے ڈاکٹر عمران فاروق کے مشتبہ قاتلوں کے بارے میں جاننے کیلئے لندن میں پاکستانی کی ملکیت لیمز کالج میں چھاپہ مارا اور طلبا کے بارے میں تمام فائلیں ساتھ لے گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کو یقین ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے مشتبہ قاتلوں نے لندن کے اسی تعلیمی ادارے کو برطانیہ میں داخلے کیلئے استعمال کیا۔ جس وقت ڈاکٹر عمران فاروق کو قتل کیاگیا اس زمانے میں کالج میں تقریباً نصف طلبا کا تعلق پاکستان سے تھا جن میں سے ایک بڑی تعداد کراچی کے طلبا کی تھی۔ یہ کالج ایک پاکستانی تاجر سید محمد علی کا ہے۔ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں کالج کے ملوث ہونے کے بارے میں پہلی مرتبہ اس وقت معلوم ہوا جب 2012ء کے شروع میں پولیس نے کالج پر چھاپہ مارا۔ سید محمد علی نے بتایا کہ انہیں یہ سن کر انتہائی صدمہ ہوا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی سازش میں استعمال کئے جانے والے لیمز کے طلبا ہیں، ہم نے تفتیش میں پولیس کی مدد کی اورحکام کیلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ہم کچھ نہیں چھپائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن