سراج الحق سینٹ کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار نامزد

Feb 13, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی پارلیمانی بورڈ اور صوبہ خیبر پی کے کی حکومت میں صوبائی وزراءاور صوبائی ممبران اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ سینٹ کے انتخابات میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق جنرل سیٹ سے جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے اور صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم کورنگ امیدوار ہوں گے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق لیاقت بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ دنوں پشاور میں صوبائی وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے ساتھ ملاقات میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان سینٹ انتخابات کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو ہوئی تھی ۔ جماعت اسلامی کے 8 ممبران صوبائی اسمبلی ٹیکنوکریٹ ، خواتین اور منیارٹی سیٹ پر ووٹ پہلی ترجیح کے دیں گے اور جماعت اسلامی کے امیدوار سراج الحق کے لئے مزید 8 پہلی ترجیح کے ووٹ لئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے سانحہ بلدیہ ٹاﺅن کی جے آئی ٹی رپورٹ پرکان نہ دھرے تو عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ حکمران دہشت گردی کو اسلام اور دینی مدارس کے ساتھ جوڑنے پر مصر ہیں۔انسانوں کو زندہ جلانے سے بڑھ کر دہشت گردی کا کوئی واقعہ نہیں ہوسکتا، سانحہ پشاور کے بعد پوری قوم نے حکومت کو دہشت گردی کے خاتمہ کا مینڈیڈیٹ دیا تھا ۔سانحہ بلدیہ ٹاﺅن حکمرانوں کیلئے ایک ٹیسٹ کیس بن چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق امیدوار نامزد

مزیدخبریں