سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے آئندہ بجٹ میں ”ٹوبیکو ہیزڈ ٹیکس“ لگانے کا فیصلہ شرح 10 سے 15 روپے فی پیکٹ ہو گی

Feb 13, 2015

اسلام آباد (آئی این پی) ملک بھر میں سگریٹ نوشی کی روک تھام کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ”ٹوبیکو ہیزڈ ٹیکس“ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نئے ٹیکس کی شرح 10 سے 15 روپے فی پیکٹ ہوگی۔ قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ وزارت صحت کی سفارش پر حکومت مالی سال 2015-16ءکے بجٹ میں ٹوبیکو ہیزڈ ٹیکس متعارف کرائے گی۔ حکومت کو توقع ہے کہ ٹوبیکو ہیزڈ ٹیکس کے نفاذ سے پاکستان میں سگریٹ نوشی کے رحجان میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔
سفارشات نہ مانیں تو اقتصادی راہداری منصوبے پر کام نہیں ہونے دینگے، ارکان قائمہ کمیٹی کی دھمکی
 اسلام آباد (آن لائن) 20 ارب ڈالر سے زائد مالیت سے تعمیر کی جانے والی پاکستان چین اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کرنے کے معاملے پر قومی اسمبلی میں حکومتی وضاحتوں کے باوجود سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات نے ایک بار پھر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پرانے روٹ پر ہی اقتصادی راہداری کا منصوبہ مکمل کرنے کی سفارشات وزیراعظم کو بھجوادی ہیں۔ چیئرمین این ایچ اے نے روٹس تبدیل نہ کئے جانے سے متعلق اجلاس میں حلف بھی اٹھالیا، بار بار قسمیں بھی کھائیں لیکن کمیٹی اراکین بریفنگ سے مطمئن نہ ہوئے۔ اراکین نے اپنے تحفظات میں کہا کہ اقتصادی راہداری کا روٹ تبدیل کرنے سے چارسو کلومیٹر اضافی روڈ بنایا جائے گا جبکہ بلوچستان کے اہم ترین اضلاع کوئٹہ، ژوب اور دیگر کو اکنامک کوریڈور سے الگ رکھا جائے گا۔ کمیٹی اراکین نے واضح کیا کہ اگر سفارشات پر عمل نہ ہوا تو اس منصوبے پر کام نہیں ہونے دینگے اور یہ بھی کالا باغ ڈیم بن جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد داﺅد خان اچکزئی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں ہوا۔ اس موقع پر چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے اراکین کو بتایا کہ منصوبے پر پیش رفت ہورہی ہے لیکن اسے متنازعہ بنایا جارہا ہے جو درست نہیں۔ جہاں تک روٹ تبدیلی کا معاملہ ہے میں پہلے بھی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں وضاحت کرچکا ہوں کہ کسی قسم کے روٹ میں تبدیلی نہیں کی جارہی۔ میں حلف دینے کیلئے تیار ہوں۔ لیکن قائمہ کمیٹی کے اراکین کا موقف یہ رہا کہ سابقہ سٹڈی کے مطابق ہی منصوبے کو آگے بڑھایا جائے۔ اس موقع پر ہمایوں خان مندوخیل نے کہا کہ روٹ تبدیل کرکے اس منصوبے کو بنانے کی کوشش کی گئی تو خدا کی قسم یہ کالا باغ ڈیم بن جائے گا۔ اجلاس میں کمیٹی نے یہ بھی سفارش کی کہ این ایچ اے کے ممبر التمش خان سمیت تین سو تیرہ افسران کی پروموشن کے معاملات کو حل کیاجائے۔
قائمہ کمیٹی / مواصلات

مزیدخبریں