اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) افغانستان کے صوبہ ہرات کے سابق گورنر فضل اللہ واحدی کو اسلام آباد میں نامعلوم افرادنے اغوا کرلیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ اغوا کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق گورنر فضل اللہ واحدی سیکٹر ایف سیون میں جناح سپر کے قریب مارکیٹ سے اغوا کیا گیا۔ وہ اسلام آباد میں برطانیہ کا ویزہ لگوانے آئے تھے اور فیملی سمیت رہائش پذیر تھے گزشتہ روز شام کو جب وہ اپنی فیملی کے ہمراہ ایک ریستوران میں کھانا کھانے کیلئے نکلے تو اغوا ہوگئے۔ افغان سفارتخانے کے حکام کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔