اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم نواز شریف کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے ٹیلی فون کیا جس میں سعودی عرب، ایران تنازعہ پر بات کی گئی۔ بانکی مون نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا کہ آپ سعودی عرب، ایران کشیدگی کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے ایران اور سعودی عرب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، آپ تنازع حل کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، وزیراعظم نے بانکی مون کو دورہ ایران و سعودی عرب سے آگاہ کیا۔ بانکی مون نے نواز شریف سے کہا کہ آپ جس سطح کے رہنما ہیں دونوں ملکوں کے درمیان تنازعات کو حل کرا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام اور استحکام کیلئے پاکستان اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بات جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر ہیروشی انوماتا سے وزیراعظم ہائوس میں الوداعی ملاقات کے دوران کہی۔ ہیروشی انوماتا نے کہا پاکستان کی اقتصادی بحالی کی بدولت جاپانی سرمایہ کاروں کی قابل ذکر تعداد پاکستان میں کاروباری مواقع کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خارجہ پالیسی اور اقتصادی بحالی کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے جبکہ پاکستان کی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کے حوالے سے کوششیں بھی قابل ستائش ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا ان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے اپنی سفارتی مدت کے دوران تعاون اور قابل قدر معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام میں سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ ہیروشی انوماتا نے کہا کہ پاکستان نے خارجہ پالیسی اور اقتصادی بحالی کے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے، پاکستان کی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط کے حوالے سے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف سے صنعتکاروں اور تاجروں نے ملاقات کی جس کے دوران صنعتکاروں اور تاجروں نے وزیراعظم کی قیادت میں معاشی بہتری کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ ڈھائی سال میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آٰئی ہے۔ تاجر پاکستان کے مختلف اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حب حکومت ملی تو ملک دیوالیہ ہونے جا رہا تھا۔ معاشی ترقی کیلئے حکومت نے اہم اور مشکل فیصلے کئے۔ قطر ایک لاکھ ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرے گا۔ وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کی تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی بنا دی۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی معاہدہ توانائی کی خودکفالت کیلئے بڑا بریک تھرو ہے۔ حکومتی سنبھالی تو ملک کو سلامتی، معاشی چیلنجز کا سامنا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے مستعفی گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے خیبر پی کے اور فاٹا کی عوام کی بہبود کے لئے گرانقدر خدمات انجام دیں، ان کا کردار اور اصول پسندی پارٹی کے لئے تقویت کا باعث ہے۔ دریں اثناء جاپانی سفیر ہیروشی انوماتانے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ وزیر داخلہ نے امن و امان کی بہتری اور پولیس کی استعدادِکار بڑھانے کے سلسلے میں حکومت جاپان کی طرف سے اب تک مہیاکئے گئے تعا ون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جرائم کی روک تھام، موثر تفتیش، کوئیک ریسپانس سسٹم اور ٹریفک کے بہتر انتظام کے سلسلے میں جاپان کی طرف سے ادارہ جاتی طور پر مزید تعاون کا خیرمقدم کریگا۔
آپ سعودی، ایران تنازعہ حل کر ا سکتے ہیں، بان کی مون: کلیدی کردار ادا کیا: نوازشریف
Feb 13, 2016